۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/ سربراہ مجلس علماء ہند نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہزارہ قبیلے کے مزدور اور نہتے شیعوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کاروائی کا مطالبہ کیا۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہزارہ قبیلے کے بے گناہ اور نہتے مزدور شیعوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان میں شیعوں کے قتل عام اور منظم نسل کشی کے خلاف سخت کاروائی کرے اور حکومت پاکستان کا اس سلسلے میں مواخذہ کیا جائے ۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے ہزارہ قبیلے کے مزدور اور نہتے شیعوں کے قتل عام پر حکومت پاکستان کے رویہ کی مذمت کرتےہوئے کہاکہ پاکستان میں منظم طورپر شیعوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ۔وہاں شیعہ محفوظ نہیں ہیں اور آئے دن قتل اور اغوا کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں ۔پاکستان میں دہشت گرد تکفیری جماعتیں آزاد ہیں اور انہیں سرکاری مراعات حاصل ہیں اس لئے وہ دیگر مسالک اور عقائد کے حامل افراد کا بہیمانہ قتل عام کررہی ہیں ۔اس سے پہلے دہشت گرد تکفیری گروہوں نے بڑے پیمانے پر یزید ملعون کی حمایت میں کانفرنس منعقد کی تھی جس میں یزید زندہ باد اور امیر یزید کے نعرے لگائے گئے تھے ۔اس کانفرنس نے یہ واضح کردیا تھا کہ ان تکفیری جماعتوں کو حکومت پاکستان کی سرپرستی حاصل ہے ۔مولانانے کہاکہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جس طرح ہزارہ قبیلے کے شیعوں کا قتل عام کیا گیاہے وہ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے ۔افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں ۔ہزارہ قبیلے کے مظلومین سے اظہار ہمدردی کےلئے وزیر اعظم عمران خان کے پاس بھی وقت نہیں ہے ،یہ قابل مذمت ہے ۔

مولانا نے ان مولوی حضرات کی بھی مذمت کی جو ایسے منظم دہشت گردانہ واقعات پر مصلحت پسندانہ سکوت اختیار کئے ہوئے ہیں ۔مولانانے کہاکہ جب کوئی امریکی قتل کردیا جاتاہے تو سبھی مسالک کے علماء مذمتی بیان جاری کرتےہیں مگر شیعوں کے قتل عام پر ان کی طرف سے نا کوئی مذمتی بیان جاری ہوتاہے اور نہ احتجاج کیا جاتاہے ،اس سے ظاہر ہوتاہے کہ انہیں مسلمانوں سے زیادہ امریکیوں اور اسرائیلیوں کی فکر ہے ۔مولانانے کہاکہ ہم نے ہمیشہ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کی ،خواہ وہ کسی بھی فرقے سے وابستہ رہے ہوں ،مگر ان کی طرف سے کبھی شیعوں کے بہیمانہ قتل عام اور نسل کشی کے خلاف مذمتی بیان تک سامنے نہیں آتا ۔

مولانانے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ شیعوں کے قتل میں ملوث سبھی دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سخت سزا دے اور شیعوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔مولانانے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں شیعوں کے قتل عام اور منظم نسل کشی کی جانچ ہو اور حکومت پاکستان پر دہشت گروہوں اور تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کے لئے دبائو بنایا جائے نیز ہزارہ برادری کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

جاری کردہ : دفتر مجلس علمائے ہند

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .